2 مئی 2015 - 19:49
شام، اتحادیوں کے حملوں میں باون عام شہری جاں بحق

شمالی شام کے ایک علاقے میں داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے فضائی حملوں میں کم سے کم باون عام شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہو‏گئے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شمالی شام کے ایک علاقے میں امریکہ کی زیرقیادت داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے فضائی حملے میں کم سے کم باون عام شہری جاں بحق ہوگئے جن میں کئی بچے بھی ہیں جبکہ اس حملے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں- شام کے حکومت مخالفین سے وابستہ انسانی حقوق کی ایک تنظیم نے سنیچر کو اعلان کیا ہے کہ صوبہ حلب میں ہونے والے اس حملے میں دریائے فرات کے مشرقی کنارے پر واقع ایک دیہات کو نشانہ بنایا گیا ہے- برطانیہ میں مقیم اس تنظیم کے جنرل سکریٹری رامی عبدالرحمن نے کہا کہ امریکی اتحاد کے حملے میں بعض خاندانوں کے تمام افراد جاں بحق ہوگئے ہیں- عبدالرحمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس حملے میں جاں بحق ہونے والے سات بچے ہیں جبکہ تیرہ افراد اب تک ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں- امریکہ اور اس کے علاقائی اتحادی گذشتہ برس سے دمشق حکومت کی اجازت یا اقوام متحدہ کے حکم کے بغیر ہی شام میں دہشتگردوں پر نمائشی فضائی حملے کر رہے ہیں- جبکہ دہشتگردی مخالف اس نام نہاد اتحاد میں شامل سعودی عرب اور قطر جیسے بہت سے ممالک، شام میں بشار اسد کی قانونی حکومت کے خلاف برسرپیکار تکفیری عناصر کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲